بنگلورو، 16؍اپریل(ایس او نیوز) خدشات کے عین مطابق محکمۂ انکم ٹیکس کی طرف سے کانگریس لیڈروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ چل پڑا۔ آج محکمۂ انکم ٹیکس نے صبح سویرے آنیکل اسمبلی حلقے سے کانگریس ٹکٹ حاصل کرنے والے شیونا کے ٹھکانوں پر دھاوا بولا ، تعلقہ کے چندا پورہ میں واقع شیونا کے دفتر اور مکان کے علاوہ آس پاس کے دو مکانات پر چھاپے مارے اور یہاں سے چند دستاویزات برآمد کرلئے۔ انکم ٹیکس افسروں کی طرف سے کانگریس امیدواروں کو نشانہ بنانے اور مرکزی حکومت کی ایماء پر اس طرح کی حرکت کرنے کے خلاف کانگریس کارکنوں نے شیونا کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاج کیا اور کہاکہ سیاسی مقاصد پر مبنی یہ چھاپے کانگریس کے حوصلے پست نہیں کرپائیں گے۔